وفاقی وزارتِ صحت میں لائف اسٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح

5

اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف اسٹائل میڈیسن کے صدر ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ وزارتِ صحت کے احاطے میں لائف اسٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح کردیا۔وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری اور وزارتِ صحت کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیلتھ کینٹین پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف اسٹائل میڈیسن اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبۂ کلینری آرٹس کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی صحت مند خوراک، کل کی صحت مند زندگی ہے اور لائف اسٹائل میڈیسن کا عملی آغاز کردیا گیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیلتھ کینٹین کا مقصد وزارتِ صحت کے افسران اور ملازمین کو صحت بخش اور متوازن خوراک کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ کینٹین میں صحت بخش غذائیں دستیاب ہوں گی جن کی تیاری میں پراسیسڈ فوڈز اور سفید چینی سے مکمل گریز کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت مند زندگی کا آغاز صحت مند خوراک کے انتخاب سے ہوتا ہے۔ روزمرہ خوراک میں مثبت تبدیلیاں موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ صحت بخش خوراک کی فراہمی کا یہ اقدام صرف ایک کینٹین کا قیام نہیں بلکہ لائف اسٹائل میڈیسن اور بیماریوں سے بچاؤ کے کلچر کو فروغ دینے کی عملی کوشش ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارتِ صحت لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ سرکاری اداروں میں صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے آپشنز عام کیے جانے چاہئیں۔