اسلام آباد،12اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول ایسے بچوں کے لیے امید کی کرن بنے ہیں جن کے پاس وسائل نہیں تھے لیکن صلاحیت اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجود تھا۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 1997ء میں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے میرٹ کی بنیاد پر بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا جبکہ 2008ء میں دانش سکولز کے قیام کی بنیاد رکھی گئی، آج دانش سکولوں کے طلبہ و طالبات ہر سال شاندار نتائج دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے رواں سال کے نتائج میں 97 فیصد طلبہ و طالبات نے اے پلس اور اے گریڈ حاصل کیا جو اس نظام تعلیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ایسے لاکھوں طلبہ و طالبات کو تعلیمی مواقع فراہم کیے گئے جن میں صلاحیت تو موجود تھی لیکن مالی وسائل کی کمی ان کی راہ میں رکاوٹ تھی، وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد رکھ کر ملک بھر کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے تعلیم کے مواقع مزید وسیع کیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا واضح موقف ہے کہ وسائل کی کمی کو نوجوانوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، موجودہ بجٹ میں نوجوانوں سے متعلق متعدد اقدامات اسی وژن کا نتیجہ ہیں۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان آج ترقی، خوشحالی اور محفوظ مستقبل کی جانب گامزن ہے اور ملک کے نوجوان اس سفر میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدلتی ہوئی عالمی حیثیت اور مختلف ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت میں نیت، عزم اور کمٹمنٹ ہو تو پاکستان کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور موجودہ حکومت انہیں ضروری مواقع، وسائل اور پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











