صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کا اہم اجلاس، فلاحی پروگرامز اور ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ

2

لاہور، 13 اگست:( اے پی پی ): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلاحی پروگرامز، جاری ترقیاتی اسکیموں اور محکمانہ امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سائرہ عمر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، مختلف ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ، وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات کی فراہمی کے پروگرامز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو مختلف فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد، حاصل شدہ اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

رواں مالی سال کی ترقیاتی اسکیموں اور جاری منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے ترقیاتی بجٹ، مختلف منصوبوں کے لیے مختص فنڈز اور دیگر مالی امور پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے فلاحی اقدامات کا بنیادی مقصد معاشرے کے کمزور، مستحق اور خصوصی طبقات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، انہیں معاون آلات کی فراہمی اور معاشرے میں ان کی باعزت شمولیت حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فلاحی پروگرامز پر عملدرآمد مزید مؤثر بنایا جائے، ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ تقریب میں محکمہ کے مختلف ڈائریکٹرز، افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ 14 اگست ہمارے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے فرائض ایمانداری، محنت اور خلوص کے ساتھ ادا کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب معاشرے کے محروم، مستحق اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے اور عوامی خدمت کے اس مشن کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔