قائم مقام ایم ڈی اے پی پی سبین عثمان خٹک کا یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام

4

اسلام آباد، 14اگست(اے پی پی): قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سبین عثمان خٹک نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ہمیں آسانی سے نہیں ملی بلکہ یہ ہمارے بزرگوں کی انتھک جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم متحد ہو کر، مثبت سوچ اور بھرپور محنت کے ساتھ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ہمارے بزرگوں نے ایک روشن مستقبل کی امید کے ساتھ ہمیں آزاد وطن دیا تاکہ ہم آزادی کے ساتھ خوشحال اور پُرامن زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ اقوامِ عالم میں پاکستان کو ایک باوقار مقام دلا سکیں۔

سبین عثمان خٹک نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر اپنی صلاحیت اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ قوم اور افواج کے باہمی اتحاد اور یکجہتی نے پاکستان کے وقار اور عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

قائم مقام ایم ڈی اے پی پی نے کہا کہ میڈیا ملک کا اہم ترین ذریعہ ابلاغ ہے، جس کی رسائی دنیا کے ہر حصے تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی سمیت میڈیا اداروں کو ایسا مؤثر ذریعہ بنانا ہوگا جس کے ذریعے پاکستان کی آواز دنیا بھر میں پہنچے، پاکستانی ٹیلنٹ اور کاوشیں عالمی سطح پر اجاگر ہوں اور دنیا پاکستان کی صلاحیتوں، کارکردگی اور ترقی کو دیکھے اور سراہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا، محنت، لگن اور مسلسل کوشش کے ذریعے انسان کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ محنت اور عزم کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے اور ایک وقت آتا ہے جب انہیں اپنی محنت کے نتیجے میں مقام اور عزت حاصل ہوتی ہے۔

سبین عثمان خٹک نے قوم کو پیغام دیا کہ عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں اور پاکستان کی آزادی، وقار، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔