ملتان ، 14 اگست(اے پی پی): یومِ آزادی کا آغاز ہوتے ہی شہر ملتان روشنیوں سے جگمگا اٹھا، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام دمدمہ پر رات ٹھیک 12 بجے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی سے قبل یومِ آزادی کی خوشی میں کاؤنٹ ڈاؤن بھی کیا گیا جبکہ وطن عزیز کی آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔
قلعہ قاسم باغ اور دمدمہ کے اطراف ہزاروں شہریوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ براہِ راست دیکھا۔ اس موقع پر شہریوں میں جشنِ آزادی کا جوش و خروش دیدنی تھا اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر آتش بازی کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات بھی یقینی بنائے گئے۔
دمدمہ پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ ملتان میں یومِ آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر آج 14 اگست کو صبح 8 بجے ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی۔











