پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل کا یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام

3

اسلام آباد، 14اگست(اے پی پی): پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہمیں اپنے ان بزرگوں اور شہداء کی ان قربانیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جن کے نتیجے میں پاکستان آزاد وطن کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور اس کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور بزرگوں کو آج پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

رئیسہ عادل نے کہا کہ آزادی کے 79 برس مکمل ہو چکے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان نئی جہتوں میں آگے بڑھ رہا ہے اور دنیا کے سامنے نئی امید اور عزم کے ساتھ اپنا مقام بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نے اپنی صلاحیت اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا فرمائی۔ اسلام آباد ٹاکس کے ذریعے بھی پاکستان نے دنیا کے سامنے امن اور سلامتی کا اپنا مثبت کردار اجاگر کیا اور ایک بڑے تنازع کو جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کہا کہ اسلام آباد ٹاکس میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی صحافیوں نے پاکستان کی ثقافت، امن پسندی اور باہمی ہم آہنگی کو قریب سے دیکھا اور پاکستان کے مثبت تشخص سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

رئیسہ عادل نے حالیہ معاہدوں کو بھی پاکستان کی ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ ہونے والا مکہ دفاعی معاہدہ بھی نا صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کو مسلم دنیا میں ایک ذمہ دار اور پرامن ملک کے طور پر مزید نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے جسے پوری قوم کو خوشی اور جوش و جذبے کے ساتھ منانا چاہیے۔ پاکستان ایک خواب کی تعبیر ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کا سفر ابھی جاری ہے۔ انشاءاللہ پاکستان آنے والے دنوں میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور ہمیشہ زندہ و تابندہ رہے گا۔