ناروے کے وزیر خارجہ کی وزارت داخلہ آمد، وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات

4

اسلام آباد،14 اگست ( اے پی پی): ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے نے وزارت داخلہ آمد پر  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس ٹریننگ اور میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے امریکہ ایران کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ناروے میں سیاست اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے موثر اقدامات سے یورپ میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے اور ہمارے اقدامات کو یورپی یونین نے بھی سراہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کے موثر سدباب کے لیے قانونی امیگریشن کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے مسلسل استعمال ہو رہی ہے۔ پاکستان دنیا اور دہشتگردی کے درمیان دیوار بن کر کھڑا ہے، سب کو دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ نارویجن وزیر خارجہ کا دورہ باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔