قصور میں 79 ویں یومِ آزادی کی پروقار مرکزی تقریب، ڈی سی آصف رضا کی پرچم کشائی اور شجرکاری

5

قصور، 14 اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی پاکستان کا 79 ویں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے قومی پرچم لہرایا، جبکہ پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے چاق و چوبند دستوں نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں ضلعی افسران، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور نے یومِ آزادی کی مناسبت سے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے شہداء و رہنماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ قومی ترقی کے لیے اتحاد، نظم و ضبط، برداشت اور باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں ملکی ترقی میں پیش پیش رہنا چاہیے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آج ہم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، اور قائد کے زریں اصول “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

شجرکاری کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پودے لگانا صاف، سرسبز اور صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے، اور یہ ماحول کے تحفظ و آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔