پشاور،14 اگست ( اے پی پی):وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں، کیونکہ یہ اس وقت سب سے اہم معاملہ ہے۔
یومِ آزادی کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت، قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی، خودمختاری، سلامتی، آئینی بالادستی اور قومی یکجہتی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کی جائے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے مارکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی و تزویراتی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
انجینئر امیر مقام نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انجینئر امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنی سیاسی و قومی زندگی کا شعار بنائیں اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ضلعی اور تحصیل سطح کی تنظیموں نے بھی یومِ آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔











