صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات

4

اسلام آباد، 14 آگست ( اے پی پی):   صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات میں انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی سہ فریقی امن معاہدے سے آگاہ کیا، جس پر صدر زرداری نے دفاعی تعاون اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے لیے اس کے مؤثر عملدرآمد کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس تزویراتی شراکت داری میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

 اس موقع پر ملکی و غیر ملکی امور سمیت ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ صدر مملکت نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو معاشی ریلیف اور اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔