راولپنڈی، 14 آگست (اے پی پی): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر نیا ملی نغمہ “میرا پیارا وطن پاکستان” ریلیز کر دیا ہے، جس کے بول وطن عزیز سے بھرپور محبت اور قومی یکجہتی کی عکاسی کرتے ہیں۔
نغمے میں گلگت بلتستان کی دلکش وادیوں اور خوبصورت مناظر کو قومی جذبے سے جوڑا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان سے ہی تعلق رکھنے والے گلوکار مجید احمر نے اس میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ پاکستان کو جان اور زندگی قرار دیتے ہوئے اہلِ وطن کی ملک سے والہانہ محبت اور وفاداری کو اجاگر کرنے والا یہ نغمہ دراصل پاکستان کی خوبصورتی، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کا عکاس ہے۔











