اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم

4

اسلام آباد،15 اگست ( اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب میں گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیں۔ اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات کو پورا کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کر سکے گی۔ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے اور یہ کام جلد مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ہماری ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہو گی۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے 27 تھانوں کے حوالے کر دی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا دارلحکومت ہے اور یہیں سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج جاتا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ افسران کو بھی لاجسٹکس فراہم کئے جا رہے ہیں، ان کے لیے گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کئے جا رہے ہیں، جس میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان تمام اقدامات سے ہم اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ماڈل بنائیں گے۔ یہ ساری تبدیلی صرف گزشتہ 2 سال میں آئی ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلی پولیس افسران بھی موجود تھے۔