لاہور، 15 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ سمیت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو پنجاب میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس این ایبلڈ ڈیلیوری یونٹ کے قیام اور اس کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں پنجاب کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی ٹیم اور عالمی ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کیے گئے آن بورڈنگ پروگرام کے بارے میں بھی تفصیلات پیش کی گئیں۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اس وژن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس کے تحت 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس این ایبلڈ صوبہ بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ وژن پر پیش رفت کے جائزے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے انعقاد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو حکومتی نظام، عوامی خدمات اور ترقیاتی عمل کا مؤثر حصہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











