اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے زیر اہتمام مادر وطن کے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملازمین نے ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتےہوئے محنت، ایمانداری اور پیشہ ورانہ لگن سے فرائض کی انجام دہی پر توجہ مرکوز رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک نے ’’اے پی پی ‘‘کو مزید مضبوط اور موثر قومی خبر رساں ادارہ بنانے کے لیے اتحاد، پیشہ ورانہ سالمیت اور اجتماعی کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا۔
پیر کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ایم ڈی سبین عثمان خٹک نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہر شہری اخلاص، محنت اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی محض جشن منانے کا نام نہیں بلکہ اپنے اپنے متعلقہ شعبہ میں ملک کی خدمت دیانت داری، اتحاد اور عزم کے ساتھ کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔سبین عثمان خٹک نے کہا کہ قومی خبر رساں ادارے کی حیثیت سے ’’اے پی پی ‘‘کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو درست، بروقت اور قابل اعتماد خبریں فراہم کرے اور غلط اطلاعات و گمراہ کن معلومات کے پھیلائو کی روک تھام میں موثر کردار ادا کرے۔
قائم مقام ایم ڈی نے ’’اے پی پی ‘‘ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے حالیہ اجلاسوں میں تنخواہوں اور مراعات میں مجموعی طور پر 112 فیصد اضافہ کی منظوری دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ معذوری الائونس بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ ملازمین کو مزید مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خزانہ کے تعاون سے اقدامات کے لئے کوشاں ہیں۔
سبین عثمان خٹک نے کہا کہ ’’اے پی پی ‘‘ایک خاندان کی مانند ہے، اس لیے ملازمین کو ایک دوسرے کا احترام، اپنے ساتھیوں کی معاونت اور اجتماعی طور پر آگے بڑھنے کا عزم کرنا چاہیے۔انہوں نے اقلیتی ملازمین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اے پی پی ‘‘میں اقلیتی برادریوں کے مذہبی تہوار بھی باقاعدگی سے منائے جاتے ہیں جن میں کرسمس بھی شامل ہے۔
تقریب کے دوران وزارت اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری اشفاق احمد خلیل، پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل اور قائم مقام ایم ڈی سبین عثمان خٹک کے یوم آزادی کے حوالے سے ویڈیو پیغامات بھی دکھائے گئے۔تقریب میں نعمان عادل، ناہید تاج اور عبدالرحمان نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ قاسم ملک نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ مختلف علاقائی زبانوں میں بھی یوم آزادی کے پیغامات پیش کیے گئے۔ ڈائریکٹر کاشف رضوی نے اردو، ،ڈائریکٹر شوکت چانڈیو نے سندھی، ثمینہ چوہدری نے پنجابی ،فرحت اللہ خٹک اور ڈاکٹر واحد اللہ ایوب نے پشتو، رخشندہ تاج نے بلوچی جبکہ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے سرائیکی میں یوم آزادی کے حوالے سے اپنے پرجوش جذبات کا اظہار کیا ۔
تقریب کی نظامت شمائلہ نورین اور صنم جونیجو نے انجام دی ۔ تقریب میں ڈائریکٹر نیوز شمائلہ عندلیب، ڈائریکٹر اردو نیوز سروس عبدالجبار ذکریا، ڈائریکٹر ویڈیو نیوز رب نواز باجوہ، انفارمیشن افسران عدنان اکرم باجوہ اور فارینہ مغل سمیت ’’اے پی پی ‘‘کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک نے ’’اے پی پی ‘‘کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا۔











