پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے کے درمیان انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن معاہدے کی توثیق

2

لاہور، 17 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ممبران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فنی تعلیم کے فروغ، امتحانی نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے سائنس انڈسٹری ایسوسی ایٹ سروسز (SIAS)

کے درمیان انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدے کی توثیق کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پی بی ٹی ای اور ایک برطانوی ادارے کے درمیان انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے لیے معاہدہ ہوا ہے، جو فنی تعلیم کے معیار میں بہتری اور ہنرمند افرادی قوت کی عالمی منڈی تک رسائی میں اہم پیش رفت ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک عالمی اداروں سے سرٹیفائیڈ ہنرمند افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے اور یہ معاہدہ قانونی طریقے سے ہنرمند افرادی قوت کی ایکسپورٹ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاہدے کے حوالے سے تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی بی ٹی ای مستقبل میں انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے لیے مزید عالمی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کرے گا۔ نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت دے کر بااختیار بنایا جا سکتا ہے، جبکہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پورٹل مکمل طور پر فعال ہے، جس کے ذریعے مقامی صنعت اور عالمی مارکیٹ ہنرمند افرادی قوت حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ اور ٹورازم کے شعبوں پر بھی مزید توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بورڈ میں امتحانی پرچوں کی مارکنگ اور عملی امتحانات کے عمل کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے، جس سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔ بورڈ کی ویب سائٹ کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے بتایا کہ معیاری فنی تعلیم کے فروغ اور امتحانی نظام میں شفافیت کے لیے بورڈ کے امور کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔ امتحانی نظام سے 1,171 فنی تعلیمی ادارے وابستہ ہیں، جبکہ آن لائن درخواستوں کے پورٹل اور ون ونڈو آپریشن کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آن لائن ادائیگیوں کے لیے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ کے امتحانات میں شریک طلبہ کی رول نمبر سلپس پر کیو آر کوڈ بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اسکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ان کے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں کی لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جامع اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

پیسک ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ، دیگر بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ بعض ممبران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔