اسلام آباد،17اگست ( اے پی پی ): الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ اور ارض میڈیا گروپ کے تعاون سے دوسری بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ”عصرِ حاضر میں نوجوانوں کے تعلیمی، معاشرتی، اقتصادی مسائل اور ان کے حل میں سیرتِ رسول ﷺ کا کردار“ تھا۔
مقررین نے عصر حاضر میں نوجوان نسل کو درپیش تعلیمی، معاشرتی اور معاشی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ? حسنہ کو ان مسائل کے حل کے لیے رہنما اصول قرار دیا۔
کانفرنس سے الحمد اسلامک یونیورسٹی کے صدر و رئیس الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد روشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا جامع ذریعہ ہے، جبکہ نوجوان نسل کی کردار سازی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس کے دوران مقررین اور مقالہ پیش کرنے والے شرکاء نے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ بہترین مقالے پیش کرنے والے شرکاء کو نقد انعام، سووینئر اور اسناد سے نوازا گیا۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل میں سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام، اخلاقی اقدار، علم، کردار اور معاشرتی ذمہ داریوں کے شعور کو فروغ دینے کے لیے ایسی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، اساتذہ، طلبہ، محققین اور سیرتِ نبوی ﷺ سے محبت رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











