اسلام آباد ،18 اگست ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی عمل درآمد پر پیش رفت جائزہ اجلاس ہر ماہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجراء ہماری پر خلوص کاوشوں کی عکاس ہے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کے لئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کے روزگار کے نئے مواقعوں میں شمولیت یقینی بنانے کے لئے انکو ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک کے طول و عرض بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ملک کی ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری و صنعتی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے نیوٹک NAVTCC اور سمیڈا SMEDA میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے اس پالیسی کی بدولت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن افرادی قوت کے لئے خصوصی طور پر بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبان پر مہارت کے لئے بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہے جبکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے لئے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جارہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کی رہنمائی اور کیریئر کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئر پرسن رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔











