وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز برطرف

7

لاہور،19 اگست )اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا تو وہاں شہریوں کو درپیش مشکلات دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئے شہریوں کی لمبی قطاریں موجود تھیں اور شہری کئی کئی گھنٹے انتظار کرنے پر مجبور تھے۔ متعدد کاؤنٹرز خالی تھے جبکہ عملہ غائب تھا۔ اس کے ساتھ ہی ایجنٹ مافیا بھی آفس کے باہر سرگرم نظر آیا۔شہریوں نے وزیر داخلہ کے سامنے اپنی شکایات پیش کیں۔

ایک شہری نے کہا کہ صبح سے آئے ہیں، 4 گھنٹے ہو گئے، ابھی تک باری نہیں آئی۔دوسرے شہری نے بتایا  کہ باہر ایجنٹ کو 5500 روپے دیے ہیں، ایجنٹس سرعام جلد کام کرانے کے پیسے مانگتے ہیں۔ایک بزرگ شہری نے شکایت کی کہ آج پاسپورٹ ملنا تھا، عملہ کہہ رہا ہے کہ ابھی پرنٹ نہیں ہوا۔

صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے انچارج پاسپورٹ آفس ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو بدنظمی اور فرائض میں غفلت پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

اسی طرح پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔

محسن نقوی نے موقع پر ہی شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے احکامات جاری کیے اور شہریوں سے کہا کہ میں آپ سے ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے۔ شہریوں سے اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کوتاہی یا غفلت پر بلاتفریق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ آپ کو سہولتیں مہیا کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔