وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے گوگل کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

6

اسلام آباد،19 اگست )اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے گوگل کے سینئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ گوگل پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر کائل گارڈنر بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں ڈیجیٹل سیکیورٹی، دہشت گردی کے خلاف سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال، آن لائن نقصان دہ مواد کی بروقت روک تھام اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان محفوظ اور پرامن ڈیجیٹل ماحول کے لیے گوگل کے ساتھ تعاون اور رابطہ کاری مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع دیگر ممالک سے مختلف ہے، اس لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد سوشل میڈیا کو دہشت گردی کی تشہیر اور خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ “پاکستان کے حالات کے پیش نظر سوشل میڈیا کی پروایکٹو مانیٹرنگ ناگزیر ہے۔

سینئر ڈائریکٹر گوگل ڈیوڈ ویلر نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر ممبران سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی ایم سعد علی، سلمان ظفر، ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی خرم علی اور جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ ملک ثناء اللہ بھی موجود تھے۔