وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی الوداعی ملاقات

1

اسلام آباد، 19 اگست )( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے الوداعی ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے محمد یحییٰ کی خدمات اور بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی جانب سے فراہم کردہ مسلسل معاونت کو سراہا۔

 وزیراعظم نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ کے دفترِ رابطہ برائے انسانی امور  میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کے اہم عہدے پر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محمد یحییٰ نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران حکومتِ پاکستان کے مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ترقیاتی و انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔