ملتان وہاڑی روڈ کو سرسبز و شاداب کوریڈور بنانے کا فیصلہ

1

ملتان،19اگست(اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ تکمیل کے مراحل میں داخل ملتان وہاڑی روڈ کو جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ سرسبز و شاداب اور خوبصورت روڈ کوریڈور میں تبدیل کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے روڈ کے دونوں اطراف اور گرین بیلٹ میں شاندار شجرکاری کا جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ملتان وہاڑی روڈ پر مقامی، مضبوط اور ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے جبکہ درختوں، جھاڑیوں اور پھولدار پودوں کی خوبصورت ترتیب سے منفرد لینڈ اسکیپنگ کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان وہاڑی روڈ پر شجرکاری کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری جنگلات کریم بخش، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمٰن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مختلف مقامات پر درختوں اور جھاڑیوں کی مکس پلانٹیشن کے ذریعے خوبصورت گرین کوریڈور تشکیل دیا جائے گا۔ شجرکاری کے دوران روڈ سیفٹی، ٹریفک کے دباؤ اور شہریوں کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے گا تاکہ خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہ ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ وہاڑی روڈ پر لگائے جانے والے پودوں کے انتخاب میں مقامی ماحول اور موسمی حالات کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف شجرکاری ہی نہیں بلکہ پودوں کی بقا، دیکھ بھال اور حفاظت بھی انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے پودوں کی نگہداشت اور آبپاشی سمیت دیگر ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

کمشنر نے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ ملتان کے اہم داخلی و خارجی راستوں میں شامل ہے، اس لیے اس کی خوبصورتی اور گرین بیلٹ کی بہتری سے شہریوں کو ایک بہتر اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ سرسبز و خوبصورت وہاڑی روڈ کی تکمیل شہر کے حسن میں مزید اضافہ کرے گی۔