آسان ٹیکس سکیم تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شمولیت کی سہولت دے رہی ہے، چیئرمین ایف بی آر

3

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ آسان ٹیکس سکیم کے ذریعے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان اور سہل بنایا جا رہا ہے، تاکہ انہیں غیر ضروری انتظامی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھتے ہوئے ٹیکس نظام میں شمولیت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، ممبر ایف بی آر حامد عتیق اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت ایسا ٹیکس نظام متعارف کرانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جو دکانداروں اور کاروباری افراد کے لیے سہل، شفاف اور کاروبار دوست ہو۔

انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس ایپ اور خصوصی ٹیکس سکیم کے ذریعے ٹیکس نظام میں شمولیت کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے، جبکہ دکانداروں کے لیے ٹیکس سے متعلق ضروری امور کی انجام دہی کو بھی سہل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کے لیے ریٹرن فائلنگ کے عمل کو مزید آسان بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ ٹیکس سے متعلق انتظامی امور میں سہولت پیدا کی جا سکے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ آسان ٹیکس ایپ اور خصوصی ٹیکس سکیم کا مقصد ٹیکس نظام کو مزید جامع، شفاف اور سہل بنانا اور زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد کو قومی ٹیکس نظام کا حصہ بننے کے لیے آسان ماحول فراہم کرنا ہے۔