وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کاسیئول میں منعقدہ پاکستان-کوریا بزنس کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب

6

سیئول، 20 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سیئول میں منعقدہ پاکستان-کوریا بزنس کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، کانفرنس میں ایک سو ستر سے زائد پاکستانی اور کوریائی کاروباری افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس میں پاکستان کی ٹیکسٹائل، لیدر، سرجیکل، اسپورٹس، زرعی مصنوعات اور آئی ٹی کے شعبوں میں برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر چیمبرز کے کاروباری وفود بھی شریک ہوئے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستانی اور کوریائی کاروباری برادری پر باہمی شراکت داری اور تجارتی روابط مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے بعد پاکستان اور جنوبی کوریا سیپا معاہدے کے مزید قریب آگئے ہیں، سیپا سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید وسعت ملے گی اور پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان-کوریا سیپا مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کا دور جلد متوقع ہے۔

کانفرنس کے دوران پاکستان اور کوریا کی کمپنیوں کے درمیان چھ اہم بی ٹو بی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، جن کا تعلق نمک، کاسمیٹکس، تیل، تل سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔

پاکستان-کوریا بزنس کانفرنس کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ اور بی ٹو بی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

کانفرنس کے دوران مارچ دو ہزار ستائیس میں سیئول میں دوسری پاکستان-کوریا بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔