ڈسکہ میں ممنوعہ شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائی، 5 دکانیں سربمہر20 ہزار روپے جرمانہ عائد

4

سیالکوٹ ،20 اگست ( اے پی پی ):ـ  پارلیمانی سیکرٹری تحفظ ماحولیات و موسمی تغیرات پنجاب کنول لیاقت کی زیرِ نگرانی محکمہ تحفظ ماحولیات نے ڈسکہ سٹی میں ممنوعہ شاپنگ بیگز کے استعمال اور منظور شدہ 75 مائیکرون شاپنگ بیگز پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانیں سربمہر کردیں، جبکہ کارروائی کے دوران 310 کلوگرام ممنوعہ شاپنگ بیگز ضبط اور مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران محکمہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم نے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور وہاں استعمال ہونے والے شاپنگ بیگز کے معیار اور مقررہ مائیکرون پالیسی کی جانچ کی۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی اور ممنوعہ شاپنگ بیگز قبضے میں لے لیے گئے۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تحفظ ماحولیات و موسمی تغیرات پنجاب کنول لیاقت نے کہا کہ ممنوعہ شاپنگ بیگز ماحول کے دشمن ہیں اور ان کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت پنجاب ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے اور پلاسٹک کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبہ پنجاب میں 75 مائیکرون سے کم گریڈ کے شاپنگ بیگز کا استعمال قابلِ قبول نہیں اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائی اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، لہٰذا دکاندار قانون کی پابندی کریں اور ماحول دوست متبادل شاپنگ بیگز کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

کنول لیاقت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور کسی بھی فرد، دکاندار یا کاروباری ادارے کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ 75 مائیکرون سے کم شاپنگ بیگز استعمال کرنے والے دکاندار کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری نے محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کو ہدایت کی کہ ممنوعہ شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔

کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات پاکیزہ بخاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جوہر عباس اور انسپکٹر شاہد ڈوگر بھی موجود تھے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم نے دکانداروں کو پلاسٹک شاپنگ بیگز کے مقررہ معیار اور ماحولیاتی قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ بھی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، سامان ضبط کرنے اور دکانیں سربمہر کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔