اسلام آباد ،22 اگست ( اے پی پی): صدر ِ مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
صدرِ مملکت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان، ملائیشیا تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون سے شہریوں کو مزید سہولت ملے گی۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ صدرِ مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید مارکیٹ تک رسائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی ملائیشیا میں طلب موجود ہے۔
ملائیشین وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 2026ء پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں اور پروازوں میں اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔
ملائیشین وزیر نے کہا کہ ان کا دورہ دوطرفہ تعلقات اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔











