شام کے وزیر خارجہ کا 19 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ

5

اسلام آباد ،23 اگست ( اے پی پی):شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم اور پہلا دورہ مکمل ہو گیا۔

شامی خبر رساں ادارے سریا عرب نیوز ایجنسی کے مطابق شامی وزیر خارجہ گزشتہ بدھ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جسے دوطرفہ تزویراتی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا گیا۔

دورے کے دوران دمشق اور اسلام آباد کے درمیان سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مقبوضہ گولان کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔

وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

الشیبانی نے “مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے” پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے علاقائی کردار کی تعریف کی۔

پاکستان اور شام کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی پر تبادلہ خیال ہوا۔ دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد اور امریکا ایران کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار پر بات کی گئی۔

شامی مشیر محمد الجفال نے کہا کہ یہ دورہ ایک اہم اور حساس وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات مزید تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

دمشق نے ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔