وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی کا اسلام آباد کے مغل دور کے قدیم تاریخی ورثے کا افتتاح، سیاحوں کے لیے کھول دیے گئے

6

اسلام آباد، 24 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے اسلام آباد دریائے سواں کنارے اور گردونواح میں گکھڑ دور سے وابستہ تاریخی ورثے کے اہم مقامات کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں ملکی و غیر ملکی سیاحوں، محققین اور طلبہ کے لیے کھول دیا۔ افتتاح کیے جانے والے مقامات میں تقریباً 450 سال قدیم مائی قمرَو مسجد، 350 سال قدیم مقبرہ سلطان مقرب خان اور تقریباً ایک ہزار سال قدیم پھروالہ مقبرہ شامل ہیں۔

یہ تاریخی مقامات یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست (Tentative List) میں شامل ہیں، ان کے تحفظ، عالمی سطح پر تعارف اور مستقبل میں عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ حاصل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ان مقامات کو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے اہم ثقافتی و تاریخی مقامات کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر نے ان تاریخی مقامات کو یونیسکو کی عارضی فہرست میں شامل کرانے کے لیے غیر معمولی کوششیں کیں۔ منصوبے کے لیے تقریباً 54 ملین روپے کا پی سی ون منظور کرکے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا گیا، جبکہ منصوبے پر 2022ء سے گزشتہ تقریباً تین برس سے کام جاری تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب، سکیورٹی گارڈز تعینات اور مالی و باغبانوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ مرمت، بحالی، تحفظ، لینڈ سکیپنگ اور دیگر ترقیاتی کام بھی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں اتنا وسیع اور شاندار تاریخی و ثقافتی ورثہ موجود ہے، جبکہ عمومی طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اسلام آباد کی تاریخ اور ترقی کا آغاز صرف 1960ء کی دہائی میں وفاقی دارالحکومت کے قیام کے بعد ہوا۔

وفاقی وزیر نے وزارت قومی ورثہ و ثقافت اور محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار کے ان چار اہم تاریخی مقامات کو یونیسکو کی عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کرانا ایک اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت پاکستان کی جانب سے گکھڑ عوام کی تاریخ، قربانیوں اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی جانب پہلا بڑا قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیسکو کی باقی شرائط پوری ہونے کے بعد یہ مقامات عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ حاصل کریں گے اور دنیا بھر سے سیاحوں اور محققین کو اپنی جانب متوجہ کریں گے۔

اورنگزیب خان کچھی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک کے تاریخی ورثے کے تحفظ، یونیسکو کی باقی ماندہ شرائط مکمل کرنے اور پوٹھوہار کے خطے کو تاریخ، آثار قدیمہ اور ثقافتی سیاحت کے اہم مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔