لودھراں 24 اگست (اے پی پی): پبلک سکول کے پرنسپل کی تعیناتی کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئے، ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے پرنسپل شپ کے امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔
انٹرویو پینل میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب، لیاقت علی گیلانی، احمد فراز اعوان، اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان، سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عدیل احمد اور پرنسپل دنیاپور پبلک سکول محمد امجد شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر لودھراں پبلک سکول میں پرنسپل کی تعیناتی مکمل میرٹ پر کی جائے گی۔ اداروں کی ترقی اور بہتری میں میرٹ پر سلیکشن کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، میرٹ اور تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ پر بھرتیوں اور تعیناتیوں سے تعلیمی اداروں کے وقار اور معیار میں اضافہ ہوگا۔ صرف میرٹ پر پورا اترنے والے اہل امیدوار کو ہی پرنسپل کا تقرر نامہ جاری کیا جائے گا۔ محمد اشرف نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوم کے مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے ان کی سربراہی کیلئے اہل، قابل اور تجربہ کار افراد کا انتخاب یقینی بنایا جائے گا۔











