اسلام آباد، 24 اگست (اے پی پی) : وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا نے ملاقات کی ،جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ، ڈی جی پاپولیشن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں عدنان پاشا نے وفاقی وزیر صحت کو نیوٹریشن اور اسٹنٹنگ کے حوالے سے نئے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت براہ راست غذائیت سے جڑی ہوئی ہے، غذائی قلت پر قابو پائے بغیر صحت کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں زچگی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں، جبکہ بچوں میں غذائی قلت کے باعث 43 فیصد بچے اسٹنٹنگ کا شکار ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماں کی مناسب غذائیت صحت مند بچے کی بنیاد ہے، جبکہ صحت مند بچے ہی صحت مند اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ غذائی قلت پر قابو پانے، اسٹنٹنگ کی شرح کم کرنے اور ماں و بچے کی صحت کے اشاریوں میں بہتری کے لیے قابلِ عمل سفارشات اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔











