سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات،پنجاب میں اے آئی کے فروغ، زراعت اور دیگر شعبوں میں امریکی تعاون بڑھانے پر اتفاق

7

لاہور، 24 اگست (اے پی پی):  سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ، زراعت، آبپاشی، لائیو سٹاک، تعلیم، کلائمیٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں کلائمیٹ، ایگریکلچر اور سیف سٹیز سمیت مختلف شعبوں کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اے آئی کے فروغ کے لیے باقاعدہ محکمہ بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے تمام وزراء نوجوان، متحرک اور کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت 5 ہزار الیکٹرک بسوں اور صوبے کے آٹھ بڑے روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین چلانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ اسلام آباد سے لاہور ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے 15 منٹ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی کلائمیٹ آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔

فوڈ اور زراعت کے شعبوں کی ترقی کے لیے پیفڈا قائم کیا گیا ہے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کرے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکا کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں آبپاشی، جدید فارمنگ، لائیو سٹاک ویلیو چین، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور میں کھیلوں اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں بھی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔سینئر وزیر نے امریکی قونصل جنرل کو بسنت کے موقع پر بچوں اور فیملی کے ہمراہ لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کی ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوں۔ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ساس کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ مریم اورنگزیب نے قونصل جنرل کی جانب سے ہمدردی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔