سرکاری ملازمت محض فائلیں چلانے کا نام نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اصل مقصد ہے: کمشنر عامر کریم خاں

5

ملتان ،25 اگست(اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمت محض فائلیں چلانے کا نام نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اصل مقصد ہے۔ افسر کی اصل پہچان عہدہ یا گریڈ نہیں بلکہ اس کا کام اور عوام پر مرتب ہونے والا مثبت اثر ہے۔

پی ایم ایس افسران کے سٹڈی وزٹ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نوجوان افسران کلیرٹی، کمٹمنٹ اور کمفرٹ زون سے باہر نکل کر کام کرنے کی سوچ اپنائیں۔ چند ہزار بااختیار افسران کروڑوں عوام کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ عہدہ اختیار نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور بڑی ذمہ داری ہے، جبکہ سرکاری اختیار ذاتی مفاد کے بجائے عوامی فائدے کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جاب ڈسکرپشن سے آگے بڑھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا حقیقی پبلک سروس ہے۔ جلالپور پیروالا میں سرکاری سکول کی بحالی، زیرالتوا پٹہ ملکیت کے معاملات کا حل اور خصوصی تعلیم کے اداروں میں بچوں کی سماعت کی اسکریننگ و علاج جیسے اقدامات اسی سوچ کی مثال ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ مستحق افراد کے لیے مفت کھانے کا انتظام، ادیبوں اور شعراء کی پذیرائی، شہری خوبصورتی، تجاوزات سے واگزار اراضی پر پارکس اور لائبریری سے منسلک کیفے جیسے منصوبے منفرد سوچ کا نتیجہ ہیں۔ معاشرے کی بہتری صرف حکومت نہیں بلکہ تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

عامر کریم خاں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ قابلِ عمل حل بھی تلاش کریں، کیونکہ عہدہ عارضی ہوتا ہے جبکہ اچھے کام کا اثر طویل عرصے تک باقی رہتا ہے۔

تقریب میں متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جبکہ اختتام پر پی ایم ایس افسران نے کمشنر عامر کریم خاں کو سووینئر پیش کیا۔