وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سے نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن برائے اقلیتی حقوق کے وفد کی ملاقات،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور کرسچن پرسنل لا میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے،  سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

4

اسلام آباد ،25 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے منگل کے روز نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن برائے اقلیتی حقوق کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں اقلیتی برادریوں کے قانونی تحفظ، درپیش عملی مسائل اور اہم پالیسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے وفد کو آگاہ کیا کہ نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس کے قیام کے لیے قانون سازی مکمل ہو چکی ہے اور اس کے عملی عملدرآمد کی جانب تیز رفتاری سے پیش رفت جاری ہے، جو اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کی نگہبانی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کرسچن میرج اینڈ ڈیوورس بل اور کرسچن پرسنل لا جیسے اہم امور سمیت اقلیتی خواتین کے قانونی حقوق اور ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کے تدارک کے لیے متعلقہ برادریوں کے ساتھ مسلسل مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے تاکید کی کہ تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں اقلیتی برادریوں کو مساوی مواقع کی فراہمی اور درپیش قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وفد کی جانب سے دی گئی تمام سفارشات کا جامع پالیسی تناظر میں جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کو اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اقلیتی برادری کے درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے قانون سازی اور پالیسی اقدامات کا مشاورتی عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔