اسلام آباد 26 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال نے بدھ کی صبح پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں مدر اینڈ چائلڈ وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نوزائیدہ بچوں کے جاں بحق ہونے کا المناک واقعہ پیش آیا۔
وزیر صحت نے متاثرہ وارڈ کا معائنہ کیا اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق صبح تقریباً 6:45 بجے ائیر کنڈیشنر (AC) میں شارٹ سرکٹ یا دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، اور وارڈ میں آکسیجن کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔
وزیر صحت نے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔











