گوجرانوالہ، 27اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا اور دفتر کی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے دیکھا کہ پاسپورٹ آفس مقررہ وقت سے قبل ہی بند کر دیا گیا تھا، عملہ غائب تھا جبکہ شہریوں کا داخلہ بند کرکے انہیں باہر سے ہی واپس بھیجا جا رہا تھا۔
سہ پہر چار بجے ہی پورے دفتر میں صفائی کا عمل جاری تھا اور دفتر میں چھٹی کا سماں تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ریجنل پاسپورٹ آفس کی صورتحال پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔نہوں نے دفتر میں موجود واحد سٹاف سے مختلف سوالات کیے تاہم کوئی بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے استفسار کیا کہ دفتر کا وقت ساڑھے چار بجے ہے تو چار بجے ہی دفتر کو تالے کیوں لگا دیے گئے؟ دفتر بند کرکے صفائیاں کی جا رہی ہیں اور عملہ بھی موجود نہیں، یہ سب کیا ہو رہا ہے؟ کیا عوام کی سہولت کے لیے قائم دفاتر ایسے چلتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ شہری دفتر سے واپس آ رہے ہیں اور انہیں وہیں سے واپس بھجوایا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پر مامور سٹاف کے خلاف سرکاری فرائض میں غفلت برتنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔











