اسلام آباد،28اگست (اے پی پی):شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدر اور اسلامی سکالر علامہ عارف حسین واحدی نے پمز میں پیش آنے والے المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پوری قوم غمزدہ ہے۔ جمعے کو اپنے بیان میں علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں، اس المناک واقعے نے ہر حساس دل کو افسردہ کر دیا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ سانحہ پمز کو سیاست کی نذر نہ کریں اور بچوں کے المناک واقعے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کیا جائے۔عارف حسین واحدی نے کہا کہ ایسے سانحات سیاست نہیں بلکہ قومی یکجہتی، ہمدردی اور انسانیت کا تقاضا کرتے ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سانحہ پمز پر قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی و سماجی قوتیں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہوں اور اس مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں۔











