وفاقی وزیرسینیٹر احد چیمہ کی زیر صدارت ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

6

اسلام آباد، 28 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ کی زیر صدارت ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈریپ  کے موجودہ فارمولے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادویات کی قیمتوں کی تعیین کے طریقہ کار پر جامع نظرثانی اور ہارڈشپ پالیسی میں فوری تبدیلیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر نے ڈریپ کو ہدایت کی کہ ہارڈشپ پالیسی کا ریلیف صرف حقیقی کیسز میں دیا جائے اور حکومتی و ٹیکس رعایت کا اثر براہِ راست عام صارف تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے درآمد کنندگان اور ریٹیلرز کے تقریباً 40 فیصد تک موجود مارجنز کو معقول بنانے اور ڈریپ پالیسی بورڈ میں ہیلتھ اکانومسٹ اور پبلک ہیلتھ ماہرین کو شامل کرنے کی بھی تاکید کی۔

 سینیٹر احد چیمہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوام کو سستی ادویات کی فراہمی اور فارماسیوٹیکل شعبے کے استحکام کے درمیان منصفانہ توازن قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت محمد محمود اور سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔