وفاقی وزراء کا  پمز ہسپتال کا دورہ، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات

6

اسلام آباد،29 ( اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سی ڈی کے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا۔دونوں وزراء نے سانحے میں اپنے جگر گوشوں کو کھونے والے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے راولپنڈی میں بھی متاثرہ خاندان سے ان کے گھر میں ملاقات کی۔

وفاقی وزراء نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا اور اپنی جانب سے متاثرہ ماؤں اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر ِصحت مصطفی کمال نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے جسے محض الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ایک ماں سے اس کا بچہ جدا ہونے کا دکھ ایسا سانحہ ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ قیمتی انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں، جان بحق ہونے والے بچے واپس نہیں آ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ ماؤں کے درد کو محسوس کرنے اور ان کے غم میں شریک ہونے کے لیے ان کے پاس آئے ہیں۔ حکومت اور پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے پیارے بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مصطفی کمال نے حکومت کی جانب سے دونوں خاندانوں کو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے پچاس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مالی معاونت کسی صورت ان کے نقصان کا نعم البدل نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کی ذمہ داری میں شریک ہونے کا ایک معمولی سا اظہار ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات جاری ہیں اور اس المناک حادثے میں مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزراء نے ایک بار پھر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔