اسلام آباد، 31اگست (اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈائریکٹر جنرل فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن (FWO) میجر جنرل عبدالصمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں تھر کول ریلوے کنیکٹیویٹی منصوبے پر جاری کام، تعمیراتی پیش رفت اور اس کی بروقت تکمیل سے متعلق امور کا تفصیلی جائز لیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈی جی ایف ڈبلیو او نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اہم منصوبے کے تحت تھر کول مائنز سے نیو چھور تک 105 کلومیٹر طویل نئی ریلوے لائن تعمیر کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ بن قاسم سے پورٹ قاسم تک تقریباً 9 کلومیٹر ڈبل ٹریک اور کوئلہ اتارنے کی جدید سہولت کی فراہمی بھی اس منصوبے کا لازمی حصہ ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کو آگاہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد تھر کے مقامی کوئلے کو قومی ریلوے نیٹ ورک اور پورٹ قاسم سے مستحکم طور پر منسلک کر دے گا، جس کے نتیجے میں کوئلے کی تیز، محفوظ اور کم لاگت ترسیل ممکن ہو سکے گی۔
یہ اہم قومی منصوبہ ملک میں درآمدی کوئلے پر انحصار کو نمایاں طور پر کم کرنے اور مقامی قدرتی وسائل کے موثر استعمال کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔











