اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی ری چارجنگ کےاقدامات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک

4

اسلام آباد، 01ستمبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے منگل کے روز یو ایس ای ایف پی آڈیٹوریم میں ’’اسلام آباد کے زیرِ زمین آبی ذخائر کا تحفظ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں مسلسل کمی کے تدارک کے لیے ری چارجنگ اقدامات کو وسعت دینے پر زور دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں تقریباً 200 ری چارج ویلز تعمیر کیے جا چکے ہیں، جو ایک اہم پائلٹ اقدام ہے اور اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ری چارجنگ کے اقدامات کے نتیجے میں واٹر ٹیبل میں اندازاً 0.4 ملی میٹر اضافہ ہوا، جبکہ اس میں تقریباً 1.5 میٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ری چارجنگ کے اقدامات کو اس حد تک بڑھانے کی ضرورت ہے کہ زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں کمی کو کم کیا جا سکے اور بالآخر پانی کی سطح میں مسلسل کمی کے رجحان کو تبدیل کیا جا سکے۔

انہوں نے حالیہ 200 ملی میٹر بارش کے بعد سطحی اور زیرِ زمین پانی کے بہتر انتظام اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پانی کے معیار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے کام کا ذکر کیا اور اضافی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تاخیر کو دور کرتے ہوئے ٹینڈرنگ کے جاری عمل کا بتایا۔ انہوں نے نئی ہاؤسنگ اسکیموں اور عمارتوں کی چھتوں پر ری چارجنگ فروغ دینے کے لیے قانون سازی کی حمایت کی، نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ‘کلین انوائرمنٹ فنڈ’ کا ذکر کیا، اور بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے تحت پاکستان کے آبی مفادات کے تحفظ کا اعادہ کیا۔