پاکستان اور کر غزستان نے دو طرفہ تجارت کا حجم 2  سال میں 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے

4

 

بشکیک۔2ستمبر  (اے پی پی):پاکستان اور کر غزستان نے دو طرفہ تجارت کا حجم 2  سال میں 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سالانہ 16 ملین ڈالر کی دوطرفہ تجارت انتہائی کم ہے، دو سال میں دوطرفہ تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کو معاہدے میں تبدیل کرنے پر صدر صادر ژاپاروف کے شکر گزار ہیں۔

بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وطن واپسی سے قبل ایئرپورٹ پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک  بڑھانے کے معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبایف نے دستخط کئے اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔

ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہماری مثبت ملاقاتیں ہوئیں، دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔کرغزستان اور پاکستان کی سالانہ تجارت صرف 16 ملین ڈالر  ہے جودو طرفہ گہرے تعلقات کے مقابلہ میں  انتہائی کم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کرغزستان کے صدر کو تجویز پیش کی کہ دو سال میں دو طرفہ تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کی بجائے معاہدے پر دستخط کیے جائیں جو دو طرفہ تجارتی حجم کا ہدف حاصل کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔ کرغزستان کے صدر نے میری تجویز سے اتفاق کیا اور ایئرپورٹ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا دوطرفہ تجارت کو دو سال میں 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے معاہدے پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں۔