وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا مصری قراء کرام کو پاکستان آمد پر خوش آمدید

4

اسلام آباد، 2 ستمبر 2026: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے آج بدھ  کو عالمی شہرت یافتہ مصری قراء کرام کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

مصر سے  پاکستان تشریف لانے والے قراء کرام میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری اسماعیل عاصف شامل ہیں۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے معزز مہمانوں کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم قرآنِ کریم، اس کے قرّاء اور خدامِ قرآن سے گہری محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے معزز مہمانوں کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں دلی خوش آمدید کہتے ہیں۔ مصر سے عالمی شہرت یافتہ قرّاء کرام کی پاکستان آمد اہلِ پاکستان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے دورۂ پاکستان کو بابرکت بنائے، اہلِ پاکستان کو ان کی خوبصورت اور روح پرور تلاوتوں سے مستفید فرمائے اور اس عظیم اجتماع کو قرآنِ کریم کے پیغام، محبت اور اسلامی اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنائے۔

اس سے قبل وزیر مذہبی امور اور حاضرین نے وزارتِ مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں قرا حضرات سے ان کی دلنشیں آوازوں میں تلاوت قرآن کریم سننے کا شرف حاصل کیا۔ واضح رہے کہ تمام مصری قراء کرام 5 ستمبر 2026ء کو بعد نماز عصر فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عظیم الشان عوامی محفلِ حسنِ قرأت میں شرکت کریں گے۔

قرآنِ کریم کی روح پرور تلاوت پر مشتمل یہ خصوصی پروگرام عامۃ الناس کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔