لاہور 2 ستمبر:( اے پی پی )سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد جاری ہے
پنجاب کی جیلوں کی موثر انسپکشن کیلئے جدید پورٹل اور مانیٹرنگ نظام نافذ کیا گیا ہے اسیران کو تعلیم، تربیت، نفسیاتی امداد اور بہتر ماحول کے ذریعے معاشرے کا مفید شہری بنانے کے مشن پر گامزن ہیں،ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور متعلقہ ڈی آئی جی پریزن اپنی انسپکشن اور مانیٹرنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں.۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلوں کی انسپکشن اور مانیٹرنگ کیلئے جدید پورٹل کا جائزہ لینے کے اجلاس کے دوران کیا۔سیکرٹری داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ویلفئر سٹورز کے آن لائن پورٹل پر اسیران کی دلچسپی اور خریداری کے عمل کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو پورے خطے کیلئے مثالی اصلاحی مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں،محکمہ جیل خانہ جات میں خود احتسابی کے نظام کو فعال کر رہے ہیں، محکمہ داخلہ نااہلی اور کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائے ہوئے ہے، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن کا نمبر شہریوں کو دیا گیا تاکہ جیلوں بارے کسی بھی شکایت پر براہ راست رابطہ کریں۔
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران اب اپنی ضرورت کی 74 بنیادی اشیاء جیل کے اندر شفاف انداز میں خرید سکتے ہیں،ہر قیدی کی خریداری اور متعلقہ اشیاء کی قیمت کی تفصیلات آن لائن پورٹل پر دستیاب ہیں، ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور سینئر پریزن افسران کو روایتی طریقوں کے برعکس آن لائن پورٹل کے استعمال کی ہدایت
کی ہےپورٹل کے ذریعے جیلوں کی سکیورٹی، ایڈمنسٹریشن، قیدیوں کی صورتحال، جیل قوانین اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی مکمل رپورٹ لمحہ بہ لمحہ دستیاب ہوگی۔سیکرٹری داخلہ نے “ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ” کے ذریعے جیلوں کی انسپکشن رپورٹس کا مشاہدہ کیا پنجاب کی ہر جیل میں قیدیوں کی گنجائش، موجودگی، روزانہ نئے آنے والے اور رہائی پانے والے قیدیوں کی تمام تفصیلات درج ہیں مانیٹرنگ ڈیش بورڈ میں ہر قیدی کی عمر، تعلیمی قابلیت، صحت کی صورتحال اور ہنر سیکھنے کی صلاحیت درج ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے جدید مانیٹرنگ نظام اور ڈیش بورڈ تیار کرنے پر جیل خانہ جات اور پریزن فاؤنڈیشن کی ٹیم کو سراہا۔اجلاس میں آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اطہر مسعود، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ایڈیشنل ڈی جی فرانزک سائنس اتھارٹی عمران علی، ڈی آئی جی پریزن نوید رؤف، ایڈیشنل ڈائریکٹر کرنل جمال، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسد اللہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











