لاہور02ستمبر(اے پی پی) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے 51 شہروں میں ڈرینز اور انڈر گراﺅنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر تقریباً مکمل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 96 ڈرینز اور 94 واٹر ٹینک مکمل کئے جاچکے ہیں، وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ماہ رواں ستمبر میں مزید ایک ڈرین اور 6 واٹر ٹینک پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا اگلا مرحلہ ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر پر توجہ دینے کا ہے چنانچہ 23 شہروں میں ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ “مریم نواز کا سوہنا پنجاب ویڑن” کی تکمیل پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر سے برساتی پانی کے نکاس کی صلاحیت بڑھے گی۔ پی ڈی پی کا فوکس اربن فلڈنگ کی ہر ممکن طریقے سے روک تھام ہی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت شہروں میں گلیوں، سڑکوں اور سیوریج سسٹم کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے، انشااللہ مرحلہ وار پارکس کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی کو بھی یقینی بنائیں گے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک، متعلقہ شہروں کے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز (اے پی ڈی) بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔











