وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی رجسٹریشن بورڈ کے ارکان سے ملاقات، لائسنسنگ کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت

3

اسلام آباد،2ستمبر  (اے پی پی): وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ کے ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ سابق بورڈ کی جانب سے لائسنسنگ کا عمل روک دیا گیا تھا، جبکہ وزارت صحت نے لائسنسنگ کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں صحت کے اداروں کی جانب سے لائسنس کے حصول کے لیے تقریباً 800 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن بورڈ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے لائسنسنگ کے اجراء کا آغاز کرے اور صحت کے اداروں کی رجسٹریشن و لائسنسنگ سے متعلق زیر التوا کیسز کو تیزی سے نمٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے مکمل اور تیار کیسز پر فوری کارروائی شروع کی جائے جبکہ زیر التوا کیسز نمٹانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر قابلِ عمل ہدف مقرر کیا جائے۔

وزارت صحت کے مطابق  کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں محفوظ اور معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا، جبکہ تمام سرکاری و نجی ہیلتھ کیئر اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے باقاعدہ شکایتی نظام متعارف کرانے اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ہیومن ریسورس کی قلت دور کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ انسپیکشن، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہ ہو۔

 وزیر صحت نے ہدایت کی کہ صحت کی تمام متعلقہ سہولیات تک رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے متعلق تحریری معلومات پہنچائی جائیں اور اداروں کی رہنمائی کے لیے مؤثر آگاہی و سہولت کاری مہم شروع کی جائے۔

وزیر صحت نے اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔