پنجاب کے مزارات کی 24/7 ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز، 128 کیمروں اور اے آئی ٹیکنالوجی سے نگرانی جاری: ڈاکٹر احسان بھٹہ

4

لاہور،02ستمبر:( اے پی پی ) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے اہم مزارات پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور زائرین کو محفوظ، باوقار اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ اوقاف ہیڈکوارٹرز لاہور میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے مزارات کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ وہ اوقاف ہیڈکوارٹرز لاہور میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے اجراء اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب حافظ انیس الرحمٰن، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید اور محکمہ اوقاف کے دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 16 مقررہ ماڈل مزارات میں سے 10 اہم مقامات، جن میں تاریخی بادشاہی مسجد بھی شامل ہے، کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور کے چار اور ملتان کے چار مزارات اس نظام کے تحت براہِ راست مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ حضرت بابا بلھے شاہ? کے مزار، قصور کو بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے پہلے ہی منسلک کیا جا چکا ہے اور حالیہ تین روزہ سالانہ عرس کے دوران اس نظام کو عملی طور پر کامیابی سے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے تمام ایام میں مزار اور اطراف کی سرگرمیوں کی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے 24 گھنٹے نگرانی کی گئی، ہر گھنٹے کی صورتحال پر رپورٹ تیار کی گئی اور مانیٹرنگ کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمی یا خامی کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے بروقت کارروائی اور ازالہ یقینی بنایا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس کے دوران ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے مؤثر استعمال سے اس امر کو تقویت ملی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زائرین کی سہولیات، سکیورٹی اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی اور فوری اصلاح ممکن ہے۔

سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں بیک وقت 128 کیمروں کی لائیو مانیٹرنگ کے لیے ہائی ریزولوشن 4K ڈسپلے اسکرینز، مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کا نظام، 30 روز تک مسلسل ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی سہولت، ایک گھنٹے کا مکمل سسٹم یو پی ایس بیک اَپ، بلاتعطل ویڈیو اسٹریمنگ کے لیے 300 ایم بی پی ایس انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ، ریموٹ کمیونیکیشن کی سہولت اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹیشنز موجود ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور مانیٹرنگ ٹیم تین شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے جامع رپورٹنگ میکانزم بھی وضع کیا گیا ہے، جبکہ عملے کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط ردِعمل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا قیام محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹل تبدیلی، ادارہ جاتی اصلاحات، شفافیت اور انتظامی کارکردگی میں بہتری کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوقاف املاک اور محکمہ کے دیگر امور کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ کی بدولت ناجائز قابضین اور تجاوزات کی نشاندہی اور خاتمے میں نمایاں مدد ملے گی۔

 انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اوقاف کی ایک ایک انچ زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرائی جائے گی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف میں جاری جامع اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کے نتیجے میں انتظامی امور میں نمایاں بہتری اور ادارہ جاتی آمدن میں بھی قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔