یومِ دفاع و شہداء :شوبز شخصیات بھی وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور اتحاد کے جذبے سے سرشار

3

اسلام آباد، 03 ستمبر (اے پی پی): یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی سرحدوں کے محافظوں، غازیوں اور شہداء کی لازوال شجاعت کو سلام پیش کیا ہے۔

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں اور ہدایت کاروں نے اپنے پیغامات میں ملکی ترقی کے لیے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل کو حوصلے اور ثابت قدمی سے عبور کرتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا یہ غیر متزلزل عزم ہے کہ وہ پاکستان کو اپنی منزل اور دھرتی کی ترقی کو ہی اپنی ترقی تصور کرتا ہے۔

شوبز شخصیات کا کہنا تھا کہ کسی بھی بیرونی سازش کے خلاف وطنِ عزیز کی سالمیت کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخ ساز دن قومی یکجہتی کی تجدید اور مادرِ وطن پر نثار ہونے والے عظیم سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔