وزیراعظم شہباز شریف کی جناح میڈیکل کمپلیکس کا پہلا فیز مارچ 2027ء تک مکمل کرنے کی ہدایت

6

اسلام آباد۔03 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک فیز 2 ایکسٹینشن کی تعمیر کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر G-11 میں زیر تعمیر پولی کلینک فیز 2 کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کے طور پر شامل کر کے مارچ 2027ء تک مکمل اور فعال کیا جائے۔

وزارت عظمٰی کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم نے تاکید کی کہ عوام کو صحت عامہ کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے شعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس کے دوران مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی عمارت کی تعمیر کے مختلف ڈیزائنز اور تجاویز پیش کی گئیں جبکہ پولی کلینک فیز 2 کی پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولی کلینک ایکسٹینشن کو پہلے فیز کے طور پر شامل کرنے کا بنیادی مقصد اسپتال کو جلد از جلد فعال بنانا ہے تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس کمپلیکس کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور یہاں دنیا کی جدید اور ہائی ٹیک مشینری کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے منصوبے کی شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنانے کے لیے تمام تعمیراتی پیشرفت کے ساتھ مسلسل تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا نظام جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے سے جڑے اس اہم منصوبے میں کسی قسم کا تعطل یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اداروں کو مقررہ ہدف کے مطابق کام کی رفتار برقرار رکھنی ہو گی۔

اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ وزراء اور اعلیٰ حکام نے منصوبے کی بر وقت تکمیل اور جدید سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف عملی تجاویز پیش کیں اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، سردار اویس احمد خان لغاری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔