قائداعظم اسٹیڈیم میرپور میں یومِ دفاع کے حوالے سے معلوماتی نمائش منعقد

6

میرپور ،6 ستمبر ( اے پی پی):یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر قائداعظم اسٹیڈیم میں شاندار معلوماتی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مختلف سرکاری محکموں اور رفاہی اداروں کے اشتراک سے نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔

نمائش میں 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کی جانب سے خصوصی اسٹالز اور بینرز لگائے گئے۔

بینرز پر مسلح افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج تھی جبکہ شرکاء کا جوش و خروش دیدنی رہا۔

نمائش میں زراعت، صحت، جنگلات، پولیس، سول ڈیفنس، ایس ڈی ایم اے اور شہری دفاع سمیت مختلف محکموں کے اسٹالز لگائے گئے۔

مسلم ہینڈز سمیت مختلف رفاہی اداروں، محکمہ شاہرات، جامعات، فوڈ، ٹیوٹا، آئی ٹی، فشریز اور سیاحت کے اسٹالز بھی قائم  کیے گئے۔

آزادجموں و کشمیر پولیس کے اسٹال پر مختلف اقسام کے اسلحہ اور امنِ عامہ کے قیام کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔سول ڈیفنس، ایس ڈی ایم اے اور شہری دفاع کے اسٹالز پر جدید آلات اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے طریقوں بارے  آگاہی دی گئی۔محکمہ صحت کے اسٹال پر صحتِ عامہ اور طبی سہولیات کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی فراہم کی گئی۔

محکمہ سیاحت کے اسٹال پر آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا گیا جبکہ ٹیوٹا کے اسٹال پر فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔

اس کے علاوہ رفاہی اداروں نے فلاحی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے منصوبوں کو اجاگر کیا۔فوڈ اسٹالز نے بھی یومِ دفاعِ پاکستان کی نمائش کی رونق میں اضافہ کیا۔شہریوں نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی جذبے اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے ایسی صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔

شہریوں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی نمائش میں شرکت کی۔