اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پمز ہسپتال میں انجینئرنگ اور تکنیکی عملے کی کمی فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ پمز کی انتظامیہ اور سی ڈی کے متعلقہ افسران شریک ہوۓ۔ اس موقع پر پمز ہسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سنٹر میں آتشزدگی کے بعد HVAC نظام کی بحالی اور تکنیکی امور کا از سر نو جائزہ لیا گیا۔سی ڈی اے افسران نے بریفننگ میں بتایا کہ آتشزدگی کے باعث متاثرہ عمارت میں HVAC سے متعلق کام میں تعطل آیا ہے،سانحے کی تحقیقات کی وجہ سے عمارت عارضی طور پر بند ہے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سیکریٹری صحت کو متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوۓ کہا کہ متاثرہ عمارت کو دوبارہ کام کے لیے ہینڈ اوور کرنے کی ٹائم لائن طے کی جائیں تاکہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سنٹر کے HVAC نظام کی بحالی کا کام بلا تاخیر دوبارہ شروع کیا جاۓ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے خاتمے سے سرپلس پول میں موجود موزوں انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
موزوں انجینئرز اور تکنیکی عملے کی پمز میں تعیناتی کیلئے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو خط لکھا جا رہا ہے۔











