وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

6

لاہور، 07 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر برائے جنوبی، وسطی و مغربی ایشیا ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اے ڈی بی کے نائب صدر کا خیرمقدم کیا، جبکہ ینگ منگ یانگ نے پرتپاک میزبانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

اے ڈی بی کے نائب صدر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن اور منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کو سراہا۔ ملاقات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، زراعت، تکنیکی ہنر، صحت اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کارڈیک ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور کینسر ہسپتال کے منصوبوں کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ’’پنجاب ایگری فوڈ انویسٹمنٹ فورم‘‘ کے انعقاد میں تعاون پر اے ڈی بی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں نرسنگ کی تعلیم کے فروغ، اسکولوں میں سٹیم لیبز کے قیام اور کسانوں کو زرعی مشینری کی فراہمی کے لیے تین رعایتی قرضوں کے معاہدوں سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تمام منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ اگلے سال تک اے ڈی بی کی معاونت سے مزید 2 ہزار الیکٹرو بسیں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پراجیکٹس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے انہیں جلد مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کو زراعت کی بہتری اور معاشی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیل دار اجناس، دالوں اور پھلوں کی کاشت بڑھانے، زرعی فنانس کی فراہمی اور کولڈ چینز کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کے ساتھ بڑھتی ہوئی ورک فورس کے باعث صنعتی ترقی کا اہم مرکز بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وسیع اصلاحاتی ایجنڈا مضبوط حکمرانی، بہتر سروس ڈیلیوری، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی پر مرکوز ہے۔ PIVOT کے تحت صوبے میں ویلیو ایڈیشن، برآمدات، ہنرمندی کے فروغ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔